فرضی جی او سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والا سی اے گرفتار

   

ضلع نیلور کے 48سالہ سنجیو کمار کا لیاپ ٹاپ ضبط ،پولیس کی کارروائی

حیدرآباد: تلنگانہ میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے سلسلہ میں فرضی جی او کی تیاری اور اسے سوشیل میڈیا پر گشت کرانے والے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے سائبر کرائم پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 48 سالہ سری پتی سنجیو کمار متوطن ضلع نیلو آندھراپردیش گزشتہ چند برسوں سے کاروی اینڈ کمپنی بنجارہ ہلز میں بحیثیت چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ملازمت کر رہا ہے۔ اس نے یکم اپریل کو اپنے لیاپ ٹاپ کے ذریعہ 2020 ء میں نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کا جی او ڈاؤن لوڈ کیا اور اس سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اس کی تاریخ تبدیل کردی اور بعد ازاں اپنے واٹس اپ گروپ میں وائرل کردیا۔ اس گروپ میں موجود افراد نے اس جی او کو اصلی سمجھ کر کئی گروپس میں وائرل کردیا اور اس طرح سے دونوں شہروں میں اندرون چند گھنٹے تلنگانہ میں لاک ڈاؤن نافذکرنے کے سلسلہ میں تیار کیا گیا جی او عام ہوگیا ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او کی اجرائی کی تردید کی تھی اور کسی بھی قسم کا لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کی بات بتائی۔ اس وائرل جی او کے بارے میں از خود کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم پولیس نے ایک ایف آئی آر جاری کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور کمشنر ٹاسک فورس نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی نشاندہی کی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے چارٹرڈ اکاونٹنٹ سنجیو کمار کے قبضہ سے فرضی جی او تیار کرنے میں استعمال کئے گئے لیاپ ٹاپ اور موبائل فون کو ضبط کرلیا۔