فرضی خبروں اور فحش تبصروں پر کنٹرول پر زور

   

سوشیل میڈیا ریگولیٹر کی تشکیل کیلئے ڈگ وجئے سنگھ کا مطالبہ
نئی دہلی۔ 2 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں آج سوشل میڈیا پر فرضی نیوز کا معاملہ اٹھایا گیا اور اس پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔کانگریس کے ڈگ وجے سنگھ نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی خبروں سے سماج میں بدنظمی پھیلی رہی ہے اور لوگ آپس میں تقسیم ہو رہے ہیں۔ حکومت کو فرضی خبروں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت قوانین بنانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو قابو میں رکھنے کے لئے ایک ریگولیٹری تشکیل دی جانی چاہئے ۔ ان کی اس تشویش سے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے بھی اتفاق کیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ونے سھسربدھے نے آن لائن گیمنگ کا معاملہ کا اُٹھایا اور کہا کہ بچے اس کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آن لائن گیمنگ کو قابو میں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بچوں کے رویے میں تشدد پیدا ہورہا ہے ۔وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے وجے سائی ریڈی نے کہا کہ تروپتی کی قومی سنسکرت ودیاپیٹھ کو مرکزی ادارے کا درجہ دیا جانا چاہئے ۔ یہ ادارے اعلی تعلیم کے سبھی معیار پورے کرتا ہے اور سنسکرت کے فروغ میں قابل ذکر شراکت داری کر رہا ہے ۔