فرضی دستاویزات سے کروڑہا روپئے قرض حاصل کرنے والا شخص گرفتار

   

حیدرآباد 25 فروری (سیاست نیوز) فرضی دستاویزات کے ذریعہ بینک لون حاصل کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث ایک دھوکہ باز کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب مدورا نگر برانچ آندھرا بینک کے منیجر آر ہنمنت راؤ نے سی سی ایس پولیس سے شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ پاشم پرشانت، کے نوین کمار، سرینواس پجاری اور دیگر نے فرضی دستاویزات کے ذریعہ 1.37 کروڑ روپئے کا ہاؤز لون حاصل کیا اور اُسے ادا کرنے سے قاصر رہے۔ پولیس نے کہاکہ دھوکہ بازوں نے جعلی پیان کارڈ، سیلری سلپ وغیرہ تیار کرتے ہوئے بینک سے قرض حاصل کیا اور اُسے ادا کرے بغیر غائب ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اِس کیس میں جملہ 4 ملزمین ہیں جبکہ اِس کیس کے کلیدی ملزم ایم سیتاراما راجو کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ راجو کا تعلق بنگلور سے ہے اور اُس نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے دھوکہ دہی کی۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔