فرضی دستاویزات کے ذریعہ بینکوں کو دھوکہ

   

دھوکہ باز شخص گرفتار،سی سی ایس پولیس کی کارروائی

حیدرآباد: فرضی دستاویزات اور معاہدوں کے ذریعہ بینک کو دھوکہ دینے والے ایک شخص کو سی سی ایس پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ سید اکرام اور سید محمد عمیر جو کراؤن کنونشن سنٹر واقع رامنتا پور چلاتے تھے، نے انڈین اوورسیز بینک مہدی پٹنم برانچ سے فنکشن ہال کے کاروبار کے سلسلہ میں 2.72 کروڑ کا قرض حاصل کیا اور اس کے عوض اپنے افراد خاندان کی دستاویزات و معاہدہ بطور ضمانت بینک میں جمع کروائیں۔ مذکورہ دھوکہ باز افراد نے قرض حاصل کرنے کے بعد اس کی ادائیگی سے گریز کرتے رہے جس کے نتیجہ میں بینک انتظامیہ نے ضمانت کے طور پر رکھے گئے ملکیت کے دستاویزات کے ذریعہ ہراج کرنے کے بعد قرض کی رقم حاصل کرنے کی کوشش کی اور اس دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ جمع کئے گئے دستاویزات فرضی اور غلط ہے ۔ اس سلسلہ میں انڈین اوورسیز بینک کے مینجر نے پولیس سی سی ایس سے ایک شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا اور پولیس نے آج سید محمد عمیر کو گرفتار کرلیا ہے اور مزید افراد کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔