فرضی دستاویزات کے ذریعہ پولیس کو دھوکہ دینے والی نائیجریائی خاتون گرفتار

   

حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) دھوکہ باز ساتھی کو آزاد کروانے کیلئے فرضی دستاویزات پیش کرنے والی ایک نائیجریائی خاتون کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس نے 30 سالہ روسلین انا ایکورے متوطن ابوجہ نائیجریا ساکن تلک نگر نئی دہلی کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ خاتون شادی کے نام پر دھوکہ دینے والے اپنے ساتھی گڈی اساؤ کو آزاد کروانے کی کوشش کررہی تھی جس کو مارچ 2020 سے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا تھا۔ میٹریمونی فراڈ میں گرفتار ان نائیجیریائی باشندوں نے ایک خاتون ڈاکٹر کو شادی کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے تھے۔ ان دنوں عدالت نے گڈی اساؤ کی ضمانت منظور کی تھی اور ضمانت کیلئے درکار شرائط کی تکمیل جاری تھی، ان مراحل میں اس دھوکہ باز خاتون نے پولیس سائبر آباد کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی کوشش کی اور اس ضمانت کی تکمیل کیلئے کی جارہی ضابطہ کی کارروائی میں فرضی دستاویزات کا حوالہ دیا اور ان دستاویزات پاسپورٹ کاپی اور کرایہ نامہ پیش کیا۔ ان دستاویزات کی جانچ کے دوران پولیس نے تحقیقات کومنظر عام پر لایا۔ ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود یہ خاتون غیر قانونی طور پر ہندوستان میں مقیم تھی اور اس نے کوئی مصدقہ دستاویزات پیش نہیں کئے اور تمام فرضی دستاویزات پیش کئے۔ پولیس نے روسلین کو گرفتار کرلیا۔