قرض کے حصول کے بعد عدم ادائیگی ، بینک منیجر کی شکایت پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد :اصل شناخت کو چھپار فرضی شناخت کے ذریعہ بینکوں کو دھوکہ دینے والے ایک شخص کو ناچارم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ سمپت کمار ساکن چیریال کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اس شخص کے خلاف انڈین اوورسیز بینک شاخ ملاپور کی منیجر نے شکایت درج کی تھی ۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران ای سی آئی آئی چوراہا پر سمپت کمار کو گرفتار کرلیا اور پوچھ تاچھ کے دوران پولیس کو حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ۔ سمپت کمار نے چندن ونئے کمار کے نام سے ووٹر شناختی کارڈ ، آدھار کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس اور پان کارڈ حاصل کرلیا تھا اور ان دستاویزات کی مدد سے اس نے انڈین اوورسیز بینک سے 8لاکھ روپئے قرض حاصل کرتے ہوئے کار خریدی اور اس کو کرایہ پر چلا رہا تھا ۔ بینک کو ادا شدنی قرض میں اس نے صرف دو اقساط ادا کیا تھا اور بینک کو بغیر ای ایم آئی ادا کئے دھوکہ دے رہا تھا ۔ پولیس کے مطابق سمپت کمار نے نقلی دستاویزات کے ذریعہ اے ایس راؤ نگر میں واقع بینک سے بھی قرض حاصل کیا تھا ۔ قبل ازیں اس نے سمپت کمار کی شناخت پر مختلف بینکوں اور فینانس اداروں کو دھوکہ دے کر قرض حاصل کیا تھا ۔ بینکوں سے قرض لینے کے بعد کاریں خرید کر کرایہ پر چلاتا تھا اور رقم ادا نہیں کرتا تھا ۔ اس نے 8کاریں ، 2آٹوز ، 2لاکھ روپئے پرسنل لوٹ اور 50ہزار روپئے کریڈٹ کارڈ کی رقم ادا شدنی تھا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔