فرضی فون کال کے ذریعہ دھوکہ دہی ، سائبر دھوکہ بازوں کا نیا طریقہ

   

پولیس اسپیشل برانچ اور سی بی آئی کے نام معصوم شہریوں کو نقصان پہونچانے کی کوشش ، عوام چوکنا رہیں
حیدرآباد۔31۔مئی ۔(سیاست نیوز) فون کال کے ذریعہ دھوکہ دہی کے واقعات میں ہونے والے اضافہ میں نئے طریقہ کی دھوکہ دہی کا آغاز ہوا ہے اور پولیس بالخصوص اسپیشل برانچ اور سی بی آئی کے نام پر کی جانے والی ان دھوکہ دہی کے واقعات کے ذریعہ معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کئی لوگ اس طرح کی دھوکہ دہی سے پریشان ہوکر اپنی شخصی تفصیلات کا انکشاف اور افشاء خود ہی کرنے لگے ہیں اور بسا اوقات یہ دھوکہ باز ان معصوم شہریوں کے بینک کھاتوں تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں۔نئے طریقہ کی دھوکہ بازی میں سی بی آئی یا اسپیشل برانچ کے نام سے فون کال کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ جس شخص کو فون کال موصول ہورہا ہے اس کے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور کسی نے پوچھ تاچھ کے دوران فون کال موصول کرنے والے کا نام لیا ہے۔ جس شخص کو فون کال موصول ہواہے وہ سی بی آئی اور اسپیشل برانچ کا نام سن کر خوفزدہ ہوجاتا ہے یا بوکھلاہٹ کا شکار ہونے لگتا ہے ۔ حالیہ عرصہ میں شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کو اس طرح کے فون کال موصول ہورہے ہیں۔ ان فرضی کالس کے ذریعہ شہریو ںکو دھمکانے کی کوشش کی جار ہی ہے جبکہ پاکستان اور دیگر ممالک کے نمبرات سے وصول ہونے والے ان فون کالس پر دی جانے والی کسی ہدایات پر عمل نہ کیا جائے بلکہ کال کرنے والوں کو اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن طلب کیا جائے ۔ فون کرنے والا دھوکہ باز فون پر موجود دیگر نمبرات دبانے کی ہدایت دیتے ہیں اور معصوم شہری ان کالس پر موجود دھوکہ بازوں کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے انہیں اپنے بینک کھاتہ تک رسائی فراہم کردیتے ہیں۔ جن شہریوں کو اس طرح کے فون کالس موصول ہو رہے ہیں ان کو ان کے پارسل میں منشیات نکلنے یا ان کے نام موصول ہونے والے کسی پارسل میں ممنوعہ اشیاء برآمد ہونے کی اطلاع دی جاتی ہے جس پر وہ شخص گھبراہٹ کا شکار ہوتے ہوئے فون کرنے والے شخص کی ہدایات پر عمل کرنے لگتا ہے۔ ریاستی حکومت کے سائبر کرائم اور محکمہ پولیس کی جانب سے اس طرح کے فرضی کالس کرنے والوں سے ہوشیار اور چوکنا رہنے کے لئے متعدد مرتبہ شعور بیداری مہم چلائی جار ہی ہے اور شہریوں کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ اپنے فون پر موصول ہونے والے کسی بھی نامعلوم کال کو وصول کرنے سے قبل محتاط رہیں تاکہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں۔ گذشتہ چند یوم کے دوران شہر حیدرآباد میں جن لوگوں کو یہ کال موصول ہوئے ہیں انہیں فون کرنے والا کہہ رہا ہے کہ وہ سی بی آئی ‘ دہلی پولیس یا اسپیشل برانچ سے فون کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں ان فون کالس کو کرنے والوں کی جانب سے اپنے واٹس ایپ کی ڈسپلے پکچر پر کسی پولیس عہدیدار کی تصویر بھی رکھی جا رہی ہے تاکہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے والو ں کو یقین دہانی کروائی جائے کہ کال پولیس کی جانب سے ہی وصول ہوا ہے۔3