فرضی فیس بُک اکاؤنٹ کے ذریعہ لڑکیوں کو ہراساں کرنے والا گرفتار

   


لڑکی کیساتھ سیلفی، خواہش کی تکمیل کا دباؤ، لڑکی کی شکایت پر رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : نقلی فیس بُک اکاؤنٹ کے ذریعہ خواتین کو اپنے جال میں پھانسنے والے ایک دھوکہ باز کو رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس نے 30 سالہ وی رمیش ساکن برنداون کالونی حیات نگر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دو سیل فون ضبط کرلئے۔ پولیس کے مطابق جرنلزم کے کورس کی تکمیل کے بعد رمیش نے ایک سال ملازمت کی اور ملازمت کو ترک کرنے کے بعد اس نے سال 2018 ء میں ایک خاتون کے نام سے ایک نقلی فیس بک اکاؤنٹ تیار کیا اور خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے پروفائیل کی جانچ شروع کردی اور اس کے بعد انھیں دوستی کے پیغامات روانہ کرنا شروع کیا۔ متاثرہ لڑکی سے فیس بُک چیاٹنگ کے دوران رمیش نے لڑکی کو اس بات کا مکمل یقین دلایا کہ وہ لڑکی ہے۔ اس یقین اور بھروسہ پر متاثرہ لڑکی نے فون نمبر دے دیا اور فون پر بات چیت جاری تھی۔ اس دوران اس نے لڑکی سے اپنی عریاں تصاویر روانہ کرنے کی خواہش کی۔ اس بات پر متاثرہ لڑکی کو یقین ہوگیا کہ وہ لڑکا ہے۔ اور اس نے اس کے نمبر کو بلاک کردیا۔ جس کے بعد رمیش نے مختلف نمبرات سے فون کرتے ہوئے لڑکی کو اس بات سے دھمکانا شروع کردیا کہ اگر وہ بات چیت بند کرتی ہے تو ملاقات نہیں کرتی ہے تو وہ پرانے چیاٹنگ کو سوشل میڈیا پر وائرل کردے گا۔ اس خوف سے لڑکی نے رمیش سے ملاقات کی اور دونوں گھومنے پھرنے لگے۔ اس دوران رمیش نے لڑکی کے ساتھ سیلفی حاصل کرلی اور خواہشات کا مطالبہ کرنے لگا اور ہراسانی سے تنگ آکر لڑکی نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت کردی۔ پولیس نے رمیش کو گرفتار کرلیا۔