فرضی ووٹرس سے جمہوریت کو خطرہ:ممتا بنرجی

   

کولکتہ : 31 مارچ (ایجنسیز) مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں۔ سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کے خلاف خوب بیان بازیاں کر رہی ہیں اور الیکشن کمیشن سے شکایتوں کا دور بھی جاری ہے۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ریاست میں جمہوری عمل کو پہنچ رہے ممکنہ نقصان کے تئیں اپنی فکر ظاہر کی ہے۔ ممتا بنرجی نے پہلے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ چکی ہیں اور تازہ خط میں الزام عائد کیا ہے کہ ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ میں گڑبڑی سے حقیقی ووٹرس کے حقوق متاثر ہو سکتے ہیں۔ممتا بنرجی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ مغربی بنگال میں لوگوں کے جمہوری حقوق کے خلاف ایک بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی سے منسلک لوگ ہزاروں فرضی فارم-6 (درخواستیں) جمع کر باہری لوگوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ یہ پورا عمل ’ووٹر ہائی جیکنگ‘ کی کوشش ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کی حکمت عملی پہلے مہاراشٹر اور دہلی میں بھی اپنائی گئی تھی۔