فرضی پروفائیل کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے والی شاطر خاتون گرفتار

   

حیدرآباد۔ فرضی پروفائیل کے ذریعہ شادی کے نام پر دھوکہ دینے والی ایک بدنام زمانہ شاطر خاتون کو رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا جو نیلور میں رہتے ہوئے امریکہ کی سیر کرواتی تھی۔ تلگو میٹریمونی سائیٹ پر اپنا فرضی پروفائیل رکھتے ہوئے دھوکہ دینے والی خاتون سائبر کرائم پولیس رچہ کنڈہ کے ہاتھوں گرفتار کرلی گئی۔ 30 سالہ ایم سواتی عرف ارچنا عرف جے وی ارچنا عرف جے اندرا پریہ درشنی کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 5 لاکھ 16 ہزار روپئے نقد رقم ، لیپ ٹاپ، اسمارٹ فون، 4 اے ٹی ایم اور 7 سم کارڈز ضبط کرلئے۔ ایم سواتی کے خلاف حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں مقدمات درج ہیں۔ اس نے شہریوں کو دھوکہ دینے کا منصوبہ تیار کیا۔ تلگو میٹریمونی سائیٹس پر فرضی پروفائیل درج کرتے ہوئے بیرونی ممالک کے رشتوں کو اہمیت دی اور اس طرح اس نے موبائیل فون میں آواز بدلنے کا سافٹ ویر ڈاؤن لوڈ کیا اور مغربی ممالک کے مقامات سے فون کرنے جیسا یقین دلاتے ہوئے نمبرات کو حاصل کیا جیسے ہی اس خاتون کے پروفائیل پر کوئی دلچسپی ظاہر کرتا تو خاتون اس کو اپنا شکار بنالیتی اور شادی میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اس کے افراد خاندان سے بھی آواز بدل بدل کر بات چیت کیا کرتی تھی اور ملاقات کیلئے رقمی مطالبہ کرتی تھی ۔ پولیس نے اس شاطر خاتون کو گرفتار کرلیا۔