فرضی پولیس سے اصلی پولیس کو مشکلات

   

تلاشی کے نام پر تاجر سے 18 لاکھ روپئے لوٹ لئے گئے
حیدرآباد ۔27 اکٹوبر (سیاست نیوز) جرائم اور جرائم پیشہ افراد پر قابو پانے کے اقدامات میں مصروف سٹی پولیس کیلئے فرضی پولیس سے مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ پولیس کی کارروائیوں اور اقدامات کی طرز پر فرضی پولیس عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ ایک تازہ ترین واقعہ میں تلاشی کے نام پر تاجروں سے 18 لاکھ روپئے لوٹنے کا سنسنی خیز واقعہ پنجہ گٹہ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں دو نامعلوم افراد نے اپنی شناخت پولیس ظاہر کرتے ہوئے ایک خانگی ملازم کے قبضہ سے 18 لاکھ روپئے لوٹ لئے اور فرار اختیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق اکشے نامی شخص جو مہدی پٹنم کے ایک کپڑوں کے شوروم میں ملازمت کرتا تھا، آج 20 لاکھ روپئے کی رقم لیکر پنجہ گٹہ علاقہ پہنچا۔ اس ملازم کو شوروم کے مالک نے بنک آف بروڈہ پنجہ گٹہ برانچ میں رقم جمع کروانے کی ہدایت دی تھی۔ اکشے کار ڈرائیور کے ساتھ کار میں رقم لیکر جارہا تھاکہ تاج کرشنا ہوٹل کے قریب ان کی کار کو دو افراد نے روکا اور خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے تلاشی لینے کی بات کی اور تلاشی کرتے ہوئے رقم کو حاصل کرلیا اور خیریت آباد علاقہ تک پہنچنے کے بعد بیاگ حوالے کردیا، جس میں صرف دیڑھ لاکھ روپئے موجود تھے اور یہ دو افراد جو خود کو پولیس ظاہر کررہے تھے، رقم لیکر فرار ہوگئے۔ پولیس نے شکایت کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع