فرضی پولیس عہدیدار گرفتار‘محکمہ میں ملازمت کا جھانسہ دینے کا الزام

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) محکمہ پولیس میں ملازمت کیلئے مدد کرنے کے نام پر درخواست گذاروں کو دھوکہ دینے والے ایک فرضی پولیس عہدیدار کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ 26 سالہ کے پرشانت کو پولیس گھٹکیسر نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا جو اپنے آپ کو محکمہ پولیس سے وابستہ ریزرو سب انسپکٹر قرار دے رہا تھا ۔ پولیس کی وردی میں گھومتے ہوئے محکمہ پولیس میں ملازمت کے خواہش مند افراد سے انہیں منتخب کروانے کے نام پر رقم حاصل کررہا تھا ۔ ایک متاثرہ شخص کی شکایت پر پولیس گھٹکیسر نے اس کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے پرشانت کے قبضہ سے ایک پولیس یونیفارم ، جوتے ، دو موبائیل فون اور (21,300) روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ محکمہ پولیس میں ملازمت کے خواہش مند افراد کو یہ دھوکہ دے رہا تھا ۔ گراؤنڈ میں پریکٹس کرنے والے امیدواروں تک پہونچ کر انہیں دھوکہ دہی کے جال میں پھانس رہا تھا ۔ وردی میں بے خوف گھومتے ہوئے پرشانت گراؤنڈ پہونچتا تھا اور امیدواروں کو محکمہ میں منتخب کروانے کا جھانسہ دیکر رقم بٹور رہا تھا گھٹکیسر پولیس نے شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے نقلی پولیس کو گرفتار کرلیا ۔ ع