مختلف اضلاع میں ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے دھاوے، لاکھوں روپئے کی ادویات ضبط
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے ریاست کے مختلف اضلاع میں ڈگری کے بغیر پریکٹس کرنے والے فرضی ڈاکٹرس اور لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل شاپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ادویات کو ضبط کیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل وی کملاسن ریڈی نے بتایا کہ 15 تا 22 اکٹوبر مختلف اضلاع میں خصوصی ٹیموں نے کارروائیاں انجام دی ہیں۔ مجموعی طور پر 9.15 لاکھ کی ادویات کو ضبط کیا گیا۔ حکام نے کریم نگر میں ای ایس آئی ہاسپٹل کو سربراہ کردہ ادویات کے غیر قانونی ذخیرہ کو ضبط کیا جس کے تحت 4.87 لاکھ مالیتی ادویات کا پتہ چلا ہے۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے کریم نگر، آصف آباد میں غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے میڈیکل اسٹورس پر کارروائی کی۔ سکندرآباد کے وارثی گوڑہ میں بھارگوی میڈیکل اسٹور پر دھاوا کیا گیا جہاں ایکسپائرڈ ادویات پائی گئیں۔ حکام نے 60 ہزار مالیتی ادویات کو ضبط کیا۔ حکام نے ونپرتی، محبوب آباد، سنگاریڈی، میدک، ناگرکرنول، پدا پلی، ملکاجگیری اور نارائن پیٹ میں 9 فرضی ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کی جو کوالیفکیشن کے بغیر ہی پریکٹس کررہے تھے۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے حکام نے ادویات کے نام پر بعض ممنوعہ دواؤں کی فروخت کا بھی پتہ چلایا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیرقانونی میڈیکل شاپس اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر شکایت کریں۔1