حیدرآباد۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میڈیکل کونسل نے ڈگری کے بغیر میڈیکل پریکٹس کرنے والے فرضی ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی میں تیزی پیدا کردی ہے۔ نلگنڈہ ضلع میں ایسے فرضی ڈاکٹرس کا پتہ چلایا گیا جو انٹرمیڈیٹ، بی اے اور بی ایس سی کی ڈگری رکھتے ہوئے مریضوں کا بطور ڈاکٹر علاج کررہے ہیں۔ تلنگانہ میڈیکل کونسل نے نلگنڈہ کے ہالیہ اور نڈمانور منڈلوں کا اچانک دورہ کیا۔ ہالیہ میں اسٹار کلینک کا معائنہ کیا جو سید بابو نامی شخص کی جانب سے چلایا جارہا ہے جو کہ بی اے گریجویٹ ہے۔ وہ خود کو ایم بی بی ایس ڈاکٹر قرار دیتے ہوئے بچوں کا علاج کررہا تھا۔ انٹرمیڈیٹ تعلیم یافتہ پی نائک کے وینکٹ پدما کلینک پر دھاوا کیا گیا جہاں 4 مریضوں کو اینٹی بائیوٹکس دیئے جارہے تھے۔ میڈیکل کونسل حکام نے دیگر علاقوں میں بھی فرضی ڈاکٹرس کا پتہ چلاتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ میڈیکل کونسل کے قواعد کے مطابق فرضی ڈاکٹرس کو ایک سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ کونسل نے واضح کیا کہ صرف ایم بی بی ایس یا اس سے زائد ڈگری رکھنے والے افراد مریضوں کا علاج کرسکتے ہں۔ 1