دھوکہ دہی کا شکار افراد کی شکایت پر محکمہ صحت کے احکام
حیدرآباد۔شہر حیدرآباد میں 100 سے زیادہ جعل ساز ڈاکٹرس بن کر شہریوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور اس سلسلہ میں ایک رپورٹ کے انکشاف کے بعدریاستی محکمہ صحت کی جانب سے احکام جاری کئے گئے ہیں کہ شہر حیدرآباد بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود فرضی ڈاکٹرس کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی جائے۔ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں فرضی ڈاکٹرس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے تمام فرضی ڈاکٹرس اور جعل سازوں کے خلاف کاروائی کو تیز کیا جائے گا جو کہ خود کو ڈاکٹر کے طور پر پیش کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ریاستی محکمہ صحت نے ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر اور ہیلت آفیسر س کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں موجود 100 سے زائد فرضی ڈاکٹرس کی اطلاعات کا جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہر میں موجود دواخانہ چلائے جا رہے ہیںان دواخانوں کے پاس درکار لائسنس اور اجازت نامہ موجود ہیں یا نہیں اور اگر ہیں تو کارکرد ہیں یا نہیں اس کا جائزہ لیتے ہوئے مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔محکمہ صحت کو موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں ایسے بھی فرضی ڈاکٹرس موجود ہیں جو کہ شہر حیدرآباد میں باضابطہ دواخانہ چلارہے ہیں اور ان دواخانوں میں زچگی اور دیگر معمولی سرجریز بھی کی جا رہی ہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ں میں بالخصوص سلم علاقوں میں موجود شہریوں کو یہ فرضی ڈاکٹرس گمراہ کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دہی کا شکار بنا رہے ہیں اور ان کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔
