ملک میں امتیازات کیلئے کوئی جگہ نہیں ، آزادی کا امریت مہااتسو سے خطاب
نئی دہلی ماؤنٹ آبو: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کے روحانیت کے میدان میں کام کرنے والوں سے کہا کہ وہ ملک کے شہریوں میں فرض شناسی کا احساس پیدا کرنے میں اپنی توانائی صرف کریں تاکہ آنے والے 25 سالوں میں ہندوستان وہ سب کچھ حاصل کرسکے جسے ہم نے سینکڑوں سالوں کی غلامی میں گنوایا ہے ۔ مودی نے راجستھان کے ماؤنٹ آبو میں واقع پرجاپِتا برہما کماری ایشوریہ وشو ودیالیہ اور برہما کماری سنستھا کے ذریعہ منعقدہ پروگرام ‘ آزادی کے امرت مہوتسو سے سورنِم بھارت کی اور’ میں ورچول کلیدی خطاب میں یہ اپیل کی۔ انہوں نے اس طرح کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ جن ممالک میں کام کرتے ہیں وہاں ہندوستان کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوششوں کے مقابلے سچائی سے لوگوں کو آگاہ کریں۔اس پروگرام میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجستھان کے گورنر کلراج مشرا، وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور دوسرے موجود تھے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان میں امتیازات کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا،‘ ہماری ترقی ملک کی ترقی میں مضمر ہے ۔ ہم سے ہی ملک کا وجود ہے اورملک سے ہی ہمارا وجود ہے۔ یہ احساس، یہ شعور نئے ہندوستان کے تعمیر میں ہم ہندوستانیوں کی سب سے بڑی طاقت بن رہا ہے ۔ ملک آج جو کچھ کر رہا ہے اس میں ‘سب کی کوشش’ شامل ہے ۔
