تہران، 10 جنوری (یو این آئی) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ فرعون، نمرود اور شاہِ ایران رضا پہلوی کی طرح ٹرمپ کا بھی برا انجام ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کی ہے اور کہا کہ جو صدر پوری دنیا پر غرور سے فیصلے کرتا ہے اسے تاریخ یاد رکھے گی۔ خامنہ ای نے فرعون، نمرود اور شاہِ ایران رضا پہلوی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ظالم اور متکبر حکمران اپنے عروج میں ہی زوال کا شکار ہوتے ہیں اور ڈونالڈ ٹرمپ بھی اپنے انجام سے بچ نہیں سکیں گے ۔ ایرانی رہنما نے امریکی اقدامات کو خطے میں مداخلت اور وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دیا اور بتایا کہ ٹرمپ نے لاطینی امریکہ کے ایک ملک کو اپنے اثر و رسوخ میں لے رکھا تھا جس کی کارروائیاں براہِ راست تیل کیلئے کی گئیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جو ایرانیوں کے قتل کا ذمہ دار ہے ، وہ آج قوم کا حامی کیسے بن سکتا ہے ؟ خامنہ ای نے 12 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران ایک ہزار سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے اور ٹرمپ نے خود ان حملوں کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا امریکی صدر کو خوش کرنے کیلئے فسادیوں نے اپنی ہی عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ ایران تخریب کاروں کے سامنے نہیں جھکے گا۔
