میر پور ۔ بنگلہ دیش کی اوپنر فرغانہ حق پنکی نے ہندوستان کے خلاف تیسرے ونڈے میں تاریخ رقم کردی۔ فرغانہ نے میرپور کے گراؤنڈ میں وہ کر دکھایا جو آج تک بنگلہ دیش کی کوئی خاتون کرکٹر نہیں کر سکی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فرغانہ نے شمیمہ سلطانہ کے ساتھ مل کر بنگلہ دیش کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ فرغانہ آخری اوور تک کریز پر رہیں اور سنچری بنائی۔ یہ پورے بنگلہ دیش کے لیے ایک تاریخی لمحہ تھا ، کیونکہ فرغانہ سے پہلے کسی بھی خاتون کرکٹر نے ونڈے میں سنچری نہیں بنائی تھی۔ فرغانہ خواتین کے ونڈے میں سنچری بنانے والی پہلی بنگلہ دیشی بیٹر بن گئی ہیں۔ انہوں نے 160گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئیں۔ فرغانہ کی سنچری کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے 50 اوورز میں 4 وکٹوں پر 225 رنز بنائے۔ یہ بنگلہ دیش کا ونڈے میں دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ سلطانہ اور فرغانہ نے بھلے ہی بنگلہ دیش کو سست آغاز دیا ہو لیکن پھر دونوں نے مضبوط شراکت داری کی۔ سلطانہ نے 52 رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد فرغانہ کوکپتان نگارکا سہارا ملا جنہوں نے 24 رنز بنائے۔ دونوں نے مل کر بنگلہ دیش کی اننگزکو164 رنز تک پہنچا دیا۔ ریتو مونی 2 رنز بناکرآؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد شوبھنا نے فرغانہ کا ساتھ دیا اور بنگلہ دیش کے اسکور کو 225 رنز تک پہنچا دیا۔ شوبھنا 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنگلہ دیش کو روکنے کے لیے ہندوستان نے7 بولروںکوآزمایا لیکن کامیابی صرف اسنیہ رانا اور دیویکا کو ملی۔ رانا نے 2 اور دیویکا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔