فرقہ وارانہ مہم کے ذریعہ بی جے پی سماج کو تقسیم کرنے کے درپہ

   

ریونت ریڈی کی کارکردگی سے عوام مطمئن ، جنرل سکریٹری محمد فیروز خاں کی نامپلی میںپد یاترا
حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی اور نامپلی اسمبلی حلقہ کے انچارج محمد فیروز خاں نے کہا کہ لوک سبھا حلقہ سکندرآباد میں اقلیتوں اور سیکولر رائے دہندوں نے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کرلیا ہے اور کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ فیروز خاں نے سکندرآباد کے انچارج وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور امیدوار ڈی ناگیندر کے ہمراہ مختلف حلقوں میں پد یاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ فیروز خاں نے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ مذہب کے نام پر سماج کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرتے ہوئے مسلمانوں کو رائے دہی سے دور رکھنے کی سازش کر رہے ہیں۔ مسلم تحفظات کی مخالفت اور ہندوؤں سے منگل سوتر چھین کر مسلمانوں میں تقسیم کرنے جیسے الزامات کے ذریعہ بی جے پی قیادت مسلمانوں کو خوفزدہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے مسلمان اور سیکولر رائے دہندے متحدہ طور پر کانگریس کے حق میں ووٹ دیں تو مرکز میں انڈیا الائنس حکومت کی تشکیل یقینی ہوجائے گی۔ فیروز خاں نے کہا کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ 100 دن میں 6 کے منجملہ 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا ہر طبقہ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو تلنگانہ عوام مسترد کردیں گے ۔ انہوں نے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں متحدہ طور پر کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں تاکہ بی جے پی کو شکست دی جاسکے۔ 1