فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری : چیف منسٹر

   

حکومت تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنانے کوشاں۔ دعوت افطار سے اے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 15 مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایل بی اسٹیڈیم میں دعوت افطار سے خطاب میں ماہ رمضان المبارک کو عبادتوں کا پاک مہینہ قرار دیتے ہوئے شرکاء افطار سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات میں بعض قوتیں ہمیں آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہیں جنہیں ناکام بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے مسلمانوں سے سیاسی کشیدگی پیدا کرنے والوں سے چوکنا رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ ان سازشوں کا شکار ہونے کے بجائے تلنگانہ میں امن و امان کی برقراری کو یقینی بنائیں ۔ ملک کی ترقی کیلئے آپسی اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہئے ۔ افطار میں سیاسی قائدین ‘ وزراء ‘ اراکین پارلیمان ‘ اراکین اسمبلی ‘ اراکین کونسل و صدورنشین‘ علماء و مشائخین اور کانگریس قائدین موجود تھے۔ اہم شخصیات میں مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ جامعہ نظامیہ ‘ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم ‘ مولانا سید پیر شبیر نقشبندی افتخاری‘مولانا سعید القادری‘مولانا سید ابراہیم حسینی آصف پاشاہ ‘ مولانا سید سیف اللہ حسینی باقری و خطیب و امام مکہ مسجد مولانا محمد رضوان قریشی ‘ خطیب و امام شاہی مسجد باغ عامہ مولانا احسن بن عبدالرحمن الحمومی موجود تھے ۔ وزراء جناب محمد اظہرالدین ‘ پی سرینواس ریڈی ‘ پونم پربھاکر ؤ مہیش کمار گوڑصدر پردیش کانگریس ‘ بیرسٹر اسدالدین اویسی ‘ انیل کمار یادو‘ جناب محمد علی شبیر ‘ جناب سید عظمت اللہ حسینی ‘ جناب عبید اللہ کوتوال ‘ جناب طاہر بن حمدان ‘ جناب محمد فہیم ‘ جناب ریاض احمد ‘ جناب فہیم قریشی ‘ جناب فیروز خان‘جناب پیر ارشاد احمد ناصر‘ جناب طاہر سعدی موجود تھے ۔ جناب محمد اظہر الدین نے ابتداء میں خیر مقدم کیا۔3