فرقہ پرستوں کو روکنے ہر ووٹ انقلاب کا ذریعہ بنے گا

   

Ferty9 Clinic

انڈیا اتحاد کو اجتماعی ووٹ دینے اقلیتی طبقات سے جمعیت العلماء کی اپیل

کھمم ۔ 12 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کی سالمیت اور تحفظ ملک کے دستور و آئین کی حفاظت کے لیے اور فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے اقلیتی ایس سی ایس ٹی طبقات کو اجتماعی طور پر انڈیا اتحاد امیدواروں کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب بنانا ملک کے موجودہ حالات میں ناگزیر ہے۔ ان خیالات کااظہار مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے جمعیت العلماء ضلع کھمم کے ذمہ داران نے کیا۔ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر اور ملک میں جاری پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں جمعیت العلماء ضلع کھمم کی جانب سے مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے مولانا محمد سعید احمد قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم، مفتی جلال الدین قاسمی معتمد جمعیت العلماء ضلع کھمم محمد اسعد ماہر تعلیم نے خطاب کرتے ہوئے ملک کی سالمیت اور تحفظ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں اور فسطائی طاقتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے اقلیتی ایس سی ایس ٹی طبقات کو اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کی اپیل کی۔ کھمم پارلیمانی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار رگھو رام ریڈی کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ مسلمانوں دلتوں اور ایس ٹی اور او بی سی طبقات کی یہ ذمہ داری ہے کے 13 مئی کو منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں صبح کی اولین ساعتوں اپنے اپنے پولنگ سٹیشن پہنچ کر حقہ رائے دہی سے استفادہ کریں۔ کھمم ضلع کے تمام منڈل جات اور کھمم شہر کے تمام مساجد کے ذمداران کو جمعیت العلماء نے پابند کیا کے ہر مسجد ہر محلہ سے صد فیصد رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے مسجد کمیٹی کے ذمہ داران اور محلے کے ذی اثر لوگ اپنے اپنے محلے جات کا سروے کرتے ہوئے معذورین اور بیمار افراد کو پولنگ اسٹیشن تک پہنچاکر ووٹ ڈلائے ہمارا ایک ایک ووٹ ملک کی سالمیت اور تحفظ اور فرقہ پرست طاقتوں اور فسطائی طاقتوں کو اقتدار سے روکنے میں انقلاب کا ذریعہ بنے گا۔ اس موقع پر صحافتی کانفرنس میں مولانا عبد الستار قاسمی نائب صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم، مولانا مجاہد اشاعتی مدیر، مولانا عبد العلیم اطہر قاسمی ستو پلی، مولانا عبد الغنی رشادی، حافظ جمیل احمد قرشید ایڈوکیٹ، مفتی عبد الرؤف خان قاسمی موجود تھے۔