فرقہ پرستوں کی شکست کیلئے رائے دہی کے تناسب میں اضافہ ضروری

   

علماء و مشائخین سے تعاون کی درخواست ، کرناٹک کے وزیر ضمیر احمد خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : یونائٹیڈ مسلم فورم تلنگانہ و آندھرا پردیش نے ریاست تلنگانہ کی 17 پارلیمانی نشستوں میں سے 16 پر کانگریس امیدواروں اور ایک پر مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار اسد الدین اویسی کی تائید وحمایت کا اعلان کیا ہے ۔ جس پر کرناٹک کے ریاستی وزیر جناب ضمیر احمد خاں ، سکریٹری امور تلنگانہ جناب منصور علی خاں ، مہروز خاں اور صدر نشین کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ جناب انور پاشاہ نے یونائٹیڈ مسلم فورم تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم اور فورم کے عہدیداروں و ارکان سے اظہار تشکر کیا ۔ درگاہ حضرت شاہ خاموشؒ کے احاطہ میں واقع مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری کی قیام گاہ پر منعقدہ علماء و مشائخین اور دانشوروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب ضمیر احمد خاں نے پرزور انداز میں کہا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی میں علماء و مشائخین کا اہم کردار رہا جن کی کوششوں اور عوام سے جن کی اپیلوں کا یہ اثر ہوا کہ مسلم رائے دہندوں کے فیصد رائے دہی میں کم از کم 17 فیصد کا اضافہ ہوا تھا ۔ نتیجہ میں بی جے پی کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں بھی علماء و مشائخین کی اپیل کے نتیجہ میں اقلیتوں کے رائے دہی کا تناسب اطمینان بخش رہا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 13 مئی کو رائے دہی ہوگی ایسے میں علماء و مشائخین عوام سے اپیل کریں کہ وہ رائے دہی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں اور فرقہ پرستوں کی شکست کو یقینی بنائیں ۔ اس خصوصی اجلاس میں نیوز ایڈیٹر سیاست و نامزد ایم ایل سی جناب عامر علی خاں ، جناب منصور علی خاں انچارج سکریٹری تلنگانہ ، امیر جامعہ نظامیہ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، صدر فورم مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم ، جناب منیر الدین مختار جنرل سکریٹری فورم ، حضرت مولانا حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ ، جناب مظفر علی صوفی ، مولانا شفیق عالم خاں جامعی ، مولانا مفتی عظیم الدین انصاری ، مولانا شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ ، مولانا معراج الدین علی ابرار ، مولانا عفان خاں سلامی ، ڈاکٹر مولانا احسن الحمومی ، مولانا فضل اللہ قادری الموسوی ، مولانا وصی اللہ قادری ، مولانا ظفر احمد جمیل حسامی ، مولانا ندیم اللہ حسینی ، مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی علی پاشاہ ، جناب بادشاہ محی الدین ، جناب سید سراج محمد قادری شرفی ، ڈاکٹر مشتاق علی ، مولانا اسلم حسین حافظی ، مولانا عبداللہ شاہ قادری ، ڈاکٹر علی دانش ایڈوکیٹ ، نعیم صوفی ، قطب الدین حسین صابری زید بابا ، شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ اور مولانا مکرم باشاہ قادری تخت نشین ، ڈاکٹر صابر علی خاں وغیرہ موجود تھے ۔۔