فرقہ پرستوں کی شکست کیلئے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے اقلیتوں سے سینئر کانگریس لیڈر محمد عبدالعرفان کی اپیل

   

حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) سینئر کانگریس لیڈر محمد عبدالعرفان المعروف بریو عرفان نے ریاست کے رائے دہندوں بالخصوص اقلیتی رائے دہندوں سے گزارش کی ہے کہ وہ کانگریس امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں کیوں کہ کانگریس ہی فرقہ پرست بی جے پی کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ کانگریس ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھ سکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ پارلیمانی حلقہ سکندرآباد، ملکاجگیری، چیوڑلہ، کریم نگر، نظام آباد، ظہیرآباد، محبوب نگر، عادل آباد میں اقلیتی رائے دہندوں کی قابل لحاظ تعداد پائی جاتی ہے۔ ایسے میں اقلیتی رائے دہندے صبح 7 بجے سے ہی متعلقہ مراکز رائے دہی پہنچ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ محمد عبدالعرفان نے مزید کہاکہ نظام آباد وغیرہ سے ایسی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ بی جے پی اکثریتی رائے دہندوں میں زہر آلود پمفلٹس تقسیم کرکے مذہب کی بنیاد پر ووٹ مانگ رہی ہے۔ ان حالات میں نظام آباد اور کریم نگر کے ساتھ ساتھ سکندرآباد، ملکاجگیری، چیوڑلہ جیسے حلقوں میں اقلیتی رائے دہندے صد فیصد پولنگ کو یقینی بنائیں تاکہ ہمارا ملک ہمارا دستور ہماری جمہوریت ہماری گنگا جمنی تہذیب ہماری شناخت اور ہمارا تشخص محفوظ رہ سکے۔ انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس مرتبہ بی جے پی کو شکست ہوگی اور وہ 400 تو دور 170 کے نشانہ کو بھی عبور نہیں کرپائے گی۔