مسجد عالیہ میں دلت اور دیگر طبقات کیلئے ظہرانہ، سرکردہ شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔22جون(سیاست نیوز) ’’آئو میری مسجد دیکھو‘‘ پروگرام کے تحت ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ کی جانب سے مسجد عالیہ گن فاونڈری میں دلت اور دیگر پسماندہ طبقات پر مشتمل سماجی جہدکاروں کے ساتھ مسلم جہدکاروں کے لئے ظہرانہ کا اہتمام کیاگیاتھا۔ نمازظہر سے قبل مسجد کے سلر میں ایک پروگرام بھی منعقد ہوا۔ چیرمین فرنٹ ثناء اللہ خان کے علاوہ سیدعزیزپاشاہ‘ پروفیسر گالی ونود کمار‘ پروفیسر انورخان‘ ایڈوکیٹ پی پدما رائو‘ میر مسعود خان ‘ راج لنگم‘ تاریخ داں انعام الرحمن خان غیور‘ڈاکٹر کماربامسیف‘ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد‘ایس ایس تنویر‘مجاہد ہاشمی‘ جاوید ہاشمی‘ ایس سی ‘ ایس ٹی فیڈریشن کے ایم نرسنگ رائو‘ سی ایل یادگیری ‘ایم اے قادر‘ انور پٹیل‘ سید علی نقوی جمعیت جعفریہ‘‘ پروفیسر وینکٹ داس‘سید آیت اللہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے ملک کی موجودہ حالات اور تیزی کے ساتھ بڑھتی فرقہ پرستی کو روکنے کے لئے ’’ آئو میری مسجد دیکھو‘‘ اور ’’سماجی ظہرانہ‘‘کے اہتمام کو قابل ستائش اقدام قراردیا۔ایس سی ‘ ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے دانشواروں اور جہدکاروں نے خطاب کہا کہ اس طرح کے پروگراموں سے مسلمانوں اور مساجد کے تعلق سے پھیلائے جانے والی بدگمانیوں کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ مذکورہ قائدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسجد میںآنے سے پتہ چلے گا کہ یہاں پر مساوات کا درس دیاجاتا ہے ۔ جہدکاروں نے کہاکہ مساجد میں کسی بھی پیشہ یا طبقے سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں دولت مند ‘ بڑے اورنامور مسلم شخص کو ایک ساتھ کھڑے ہوکر نماز ادا کرنے کا موقع فراہم کیاجاتا ہے ۔مساجد واحد مقام ہے جہاں پر طبقات سے بالاتر ہوکر مسلمان ایک ساتھ کھڑے ہوتے اور اپنی نماز ادا کرتے ہیں۔مسلم دانشواروں نے ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی ‘ طبقات سے تعلق رکھنے والے سماجی جہدکاروں کو مسجد عالیہ کا معائنہ کرایا‘ وضو کرنے والے مصلیوں سے ملاقات کروائی اور نماز ظہر کیسے ایک ساتھ کھڑے ہوکر ادا کی جاتی ہے اس کا بھی مشاہدہ کروایا۔بعدازاں تمام شرکاء اور مقررین نے ایک ساتھ بیٹھ کر طعام بھی کیا۔