ہریانہ میں زبردست ریالی، سی پی آئی کے قومی سکریٹری عزیز پاشاہ اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/31 جنوری،( سیاست نیوز) ہریانہ کے سونی پت میں سی پی آئی ضلع کمیٹی کی جانب سے بھاری ریالی منظم کی گئی۔ عوام کے مفادات کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے نعرہ کے تحت حقداری ریالی منظم کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین نے حصہ لیا۔ 8 کلو میٹر کا احاطہ کرتے ہوئے ریالی جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی جس کی صدارت راجیو ورما ایڈوکیٹ نے کی۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے کمزور طبقات بشمول دلت، او بی سی اور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ متحدہ طور پر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔ ملک میں آر ایس ایس اور بی جے پی مذہب کے نام پر سماج کو تقسیم کرنے کے درپہ ہیں۔ فرقہ پرست طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کمزور طبقات اور اقلیتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ ایودھیا میں 22 جنوری کو مندر کے افتتاح کے نام پر جس انداز میں سیاست کی گئی اس کا مقصد لوک سبھا انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا ہے۔ ہندو سماج کے چار اہم شنکر آچاریاؤں نے تقریب کا بائیکاٹ کیا اور کہا کہ نامکمل مندر کا افتتاح قابل قبول نہیں۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ گودی میڈیا کے ذریعہ ملک میں یہ ماحول پیدا کیا جارہا ہے کہ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی کی کامیابی یقینی ہے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی کو معمولی فرق سے کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں انڈیا الائنس متحدہ طور پر مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے انڈیا الائنس سے نتیش کمار کی علحدگی کو موقع پرستی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس کو عوام کی تائید حاصل ہوگی۔ راجیو ورما ضلع سکریٹری سی پی آئی اے دلت، او بی سی اور اقلیتوں سے اپیل کی کہ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست کیلئے جدوجہد کریں۔ ملک میں بیروزگاری کی شرح آزادی کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ نریندر مودی نے ہر سال 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور 10 برسوں میں یہ تعداد 20 کروڑ تک پہنچ جاتی ہے۔ شریمتی رکھشا کماری نائب صدر ڈسٹرکٹ بار کونسل نے ملک بھر میں بی جے پی کی جانب سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایڈیٹر مکتی سنگھرش مہیش کے علاوہ کامریڈ پرگت رام، برار سنگھ، ملائم سنگھ، روشن اور دوسروں نے مخاطب کیا۔1