فرنٹ لائن کوویڈ واریئرس کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے کراش کورس

   

وزیراعظم مودی نے آغاز کیا۔ 26 ریاستوں میں 111 مراکز سے خصوصی ٹریننگ دی جائے گی

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایک کراش کورس پروگرام کا آغاز کیا جسے اپنی مرضی کے مطابق ڈھالا جاسکتا ہے۔ اِس پروگرام کا مقصد ملک بھر میں زائداز ایک لاکھ کوویڈ جنگجوؤں کو ہنرمند بنانا اور اُن کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ قوم کو کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے کیوں کہ اِس کی مختلف شکلوں میں پھر سے پھیلنے کا امکان موجود ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ عالمی وباء کی دوسری لہر نے بعض چیالنجس اُجاگر کئے کہ یہ وائرس مختلف زاویوں سے ہمارے لئے پریشان کن ثابت ہوسکتا ہے جس کے لئے ایک لاکھ سے زیادہ فرنٹ لائن واریئرس کو ٹریننگ دینا درست سمت میں قدم ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمیں ملک کی تیاری کو مزید بڑھانا ہوگا تاکہ مستقبل کے چیالنجوں سے نمٹا جاسکے۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ مرکزی حکومت ہر شہری کو کوویڈ ویکسینیشن کی مفت فراہمی کی پابند عہد ہے، جس کا 21 جون کو آغاز ہورہا ہے۔ حالیہ عرصہ میں کوویڈ کیسوں میں اضافہ کے دوران میڈیکل آکسیجن کی قلت دیکھنے میں آئی، اِس پس منظر میں وزیراعظم نے کہاکہ زائداز 1,500 آکسیجن پلانٹس قائم کرنے کے لئے جنگی خطوط پر کام جاری ہے اور ہر ضلع تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اپنی ترجیح کے مطابق کراش کورس ٹریننگ 6 مختلف جاب کے رول میں دی جائے گی جیسے ہوم کیئر سپورٹ، بیسک کیئر سپورٹ، اڈوانسڈ کیئر سپورٹ، ایمرجنسی کیئر سپورٹ، سیمپل کلکشن سپورٹ اور میڈیکل ایکویپمنٹ سپورٹ۔ یہ کورس 26 ریاستوں میں 111 مراکز سے شروع کیا گیا، جسے اعلیٰ ماہرین نے ترتیب دیا ہے۔ مودی نے کہاکہ کورونا کے دور میں ہنر، ہنرمندی میں نکھار اور صلاحیتوں میں اضافہ کی اہمیت اُجاگر کی ہے۔ پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا 3.0 کے مرکزی جز کے تحت یہ ایک خصوصی پروگرام ہے جس کے لئے 276 کروڑ روپئے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ پی ایم او نے بتایا کہ یہ پروگرام نان میڈیکل ہیلت کیئر ورکرس کو اِس قابل بنائے گا کہ وہ شعبہ صحت میں افرادی قوت کی موجودہ اور مستقبل کی ضرورتوں کی تکمیل کرسکیں۔ مودی نے یہ بھی کہاکہ وباء نے ہر ملک ، ہر ادارہ، ہر سماج ، ہر فیملی اور دنیا کے ہر فرد کو آزمایا ہے۔ ساتھ ہی اِس نے ہمیں چوکس کیاکہ ہم اپنی قابلیتوں میں وسعت لائیں اور ہندوستان نے اِس چیلنج کو قبول کیا ہے۔

کشمیر پر وزیر اعظم کا آئندہ ہفتے کل جماعتی اجلاس
سرینگر۔ وزْر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر پر آئندہ جمعرات کو ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے ۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب مرکزی حکومت جموں و کشمیر کو ریاست کے موقف کی بحالی پر غور کر رہی ہے ۔ 2019 میںدفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد سیاسی تعطل کو دور کرنے کی یہ وزیر اعظم کی اولین پہل ہے ۔جموںو کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ ہمیں اس اجلاس کے تعلق سے مطلع کیا گیا ہے ۔ ہم باضابطہ دعوت نامہ کے منتظر ہیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج اہم سکیوریٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کی ہے ۔