پیرس ، 26 مئی (ایجنسیز) رولان گیروس اسٹیڈیم میں گزشتہ روز فرنچ اوپن کے آغاز سے قبل ٹینس کے عظیم کھلاڑی رافیل نڈال کو جذباتی تقریب میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ اور اینڈی مرے بھی موجود تھے۔ کنگ آف کلے‘‘ کے لقب سے مشہور نڈال نے اس گرانڈ سلام میں ریکارڈ 14 مرتبہ کامیابی حاصل کی اور ان کی خدمات کو سراہنے کیلئے کورٹ فلپ شاتریئر پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں 15 ہزار سے زائد شائقین نے ’’Merci Rafa‘‘ کے سرخ ٹی شرٹس پہن کر شرکت کی جبکہ نڈال کے دیرینہ حریف اور دوست راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ اور اینڈی مرے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نڈال کی زندگی اور کریئر پر مبنی ایک چار منٹ کی ویڈیو دکھائی گئی جس میں ان کی 2005 کی پہلی فتح سے لے کر 2022 کی آخری کامیابی تک کے لمحات کو سمیٹا گیا۔ نڈال نے اپنے خطاب میں فرانس، شائقین اور خاص طور پر اپنے چچا اور کوچ ٹونی نڈال کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر نڈال کے اعزاز میں کورٹ پر ایک یادگاری تختی نصب کی گئی جس میں ان کے جوتے کا نشان، دستخط اور فرنچ اوپن ٹرافی کی تصویر شامل تھی۔ یہ تختی کورٹ کے نٹ کے قریب زمین میں نصب کی گئی جو ان کی 14 فتوحات کی دائمی یادگار بن گئی۔ نڈال نے اپنی تقریر میں کہا: ’’یہاں میں نے خوشی، غم، جیت اور ہار سب کچھ محسوس کیا۔ یہ کورٹ میری زندگی کا اہم حصہ رہا ہے اور میں اس محبت اور احترام کیلئے شکر گزار ہوں جو مجھے یہاں ملا۔ ‘‘ تقریب کے اختتام پر نڈال نے اپنے بیٹے کو گود میں اٹھا کر شائقین کو الوداع کہا، جو اس لمحے کو مزید جذباتی بنا گیا۔