فرنچ گیانا سے ہندوستانی سیٹلائیٹ خلاء میں داخل

,

   

جی سیٹ ۔30 یوروپی خلائی بندرگاہ سے داغنے کا کامیاب تجربہ
سری ہری کوٹہ 17جنوری(سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان نے خلائی میدان میں ایک اہم باب کا اضافہ کیا ہے کیونکہ اس کا مواصلاتی سٹلائیٹ جی سیٹ۔30،یوروپی خلائی بندرگاہ فرنچ گیانا سے کل شب کامیابی کے ساتھ مدار میں چھوڑا گیا جو نئے سال میں ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی(اسرو) کا چھوڑے جانے والا پہلا سٹلائیٹ ہے ۔ا س سٹلائیٹ کا وزن 3450کیلوہے اور یہ انسیٹ 4Aسٹلائیٹ کا بدل ہوگا۔اسرو کے یو آر راو سٹلائیٹ سنٹر کے ڈائرکٹر پی کُنی کرشنن جو سٹلائیٹ کو چھوڑے جانے کے وقت موجود تھے نے اس کو کامیابی کے ساتھ چھوڑے جانے پر ایرین خلائی ٹیم اور اسرو کو مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے اس کوسال 2020کے لئے بہترین شروعات قراردیتے ہوئے کہاکہ اس مشن کی ٹیم نے ماسٹرکنٹرول مرکز نے اس کو چھوڑے جانے کے بعد کے عمل کو فوری طورپر مکمل کیا ہے ۔بنگالورو کے اسرو کے ہیڈکوارٹرس نے کہاکہ جی سیٹ30کو مخصوص انداز میں ڈیزائن کیا گیا تھا تاکہ خلا میں ٹرانسپونڈرس کی تعداد میں اضافہ کیاجاسکے ۔اسرو نے بھی اس سٹلائیٹ کو چھوڑے جانے کی توثیق کی اور سائنسدانوں کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔اس سٹلائیٹ کو چھوڑے جانے کے فوری بعد کرناٹک کے ہاسن میں واقع اسرو کے ماسٹر کنٹرول روم نے جی سیٹ30کا کنٹرول حاصل کرلیا۔یہ سٹلائیٹ معمول کے مطابق کام کررہا ہے ۔