فروٹ مارکٹ کیلئے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کا آج دورہ

   

دو متبادل مقامات پر غور، ریاستی وزراء محمود علی اور نرنجن ریڈی کا اجلاس

حیدرآباد۔ /10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گڈی انارم فروٹ مارکٹ کی منتقلی کے مسئلہ پر ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی کی قیامگاہ پر اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی، سکریٹری محکمہ زراعت رگھونندن راؤ، ڈائرکٹر مارکٹنگ لکشمی بائی، ارکان اسمبلی احمد بلعلہ، جعفر حسین معراج اور دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے فروٹ مارکٹ کے قیام کیلئے موزوں اراضیات کا معائنہ کیا جائے۔ حکومت نے موجودہ گڈی انارم مارکٹ کے مقام پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلی میں مجلسی ارکان کی جانب سے فروٹ مارکٹ کو باٹا سنگارم کے بجائے کسی اور موزوں مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی گئی جس پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزراء محمود علی اور نرنجن ریڈی کو ارکان اسمبلی سے مشاورت کی ہدایت دی۔ ارکان اسمبلی نے حکومت سے درخواست کی کہ باٹا سنگارم کو منتقل کرنے کے بجائے فروٹ تاجرین کو کتہ پیٹ، وکٹوریہ پلے گراؤنڈ میں کاروبار کی اجازت دی جائے۔ مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ باٹا سنگارم میں عصری سہولتوں سے لیس مارکٹ قائم کی جارہی ہے۔ کوہیڈا علاقہ میں بنیادی سہولتوںکی فراہمی تک باٹا سنگارم میں فروٹ مارکٹ کو برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔ وکٹوریہ پلے گراونڈ کے علاوہ باٹا سنگارم میں لاجسٹک پارک پر فروٹ مارکٹ کے قیام کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے اراضی کے معائنہ کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بروز پیر11 اکٹوبر کو اراضیات کا معائنہ کیا جائے گا جس میں مجلسی ارکان اسمبلی کے علاوہ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی بی سدھیر ریڈی، این کشن ریڈی، مارکٹ کمیٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ٹیم لاجسٹک پارک اور وکٹوریہ پلے گراؤنڈ کا معائنہ کرے گی۔ وزراء محمد محمود علی، ایس نرنجن ریڈی اور سبیتا اندرا ریڈی اس دورہ میں شامل رہیں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت نے فروٹ تاجرین میں پائی جانے والی بے چینی کو دیکھتے ہوئے متبادل اراضیات کی نشاندہی کا فیصلہ کیا ہے اور اراضی کے بارے میں قطعی فیصلہ تک موجودہ فروٹ مارکٹ میں کاروبار کی اجازت رہے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں واضح کردیا کہ مارکٹ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی تک موجودہ گڈی انارم مارکٹ کے تاجروں کے ساتھ کوئی زبردستی نہیں کی جائے گی۔ر