زرعی کھاد کی پیداوار کے جلد آغاز پر زور، اجلاس سے کشن ریڈی کا خطاب
پداپلی : راماگنڈم فرٹیلائزر پلانٹ کے تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کر کھاد کی پیداوار کا آغاز کرنے کی مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ راماگنڈم میں زیر تعمیر فرٹیلائزر پلانٹ کی پیشرفت پر بروز جمعہ انھوں نے متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 612.5 کروڑ روپیوں کی لاگت سے فرٹیلائزر پلانٹ کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا ۔ تعمیری کام آخری مراحل پر ہیں ‘ ان کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔عہدیداروں نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ فرٹیلائزر پلانٹ میں پانی کی فراہمی’ بجلی کی فراہمی اور گیس کی فراہمی کے کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ کورونا کے پس منظر میں پلانٹ کمیشن کے کام تین مہینوں کے لئے زیرالتواء ہوگئے۔ بیرون ممالک سے ماہرین کے تعاون اور ٹکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ امونیا ، یوریا پلانٹ کے تعمیراتی کاموں کی پیشرفت سے متعلق مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے تفصیلات دریافت کیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر سال 12.5 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی پیداوار کی گنجائش کے ساتھ اس پلانٹ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے۔ فی الوقت ملک میں کاشت میں اضافہ کے تناظر میں کسانوں کو بر وقت کھاد کی فراہمی کے لئے یہ پلانٹ نہایت کارآمد ثابت ہوگا۔ای ڈی آر۔ ایف۔سی۔ایل راجن تپر، جنرل مینجر وی کے بنگار، پروڈکشن مینجر ایس کے جاہ’ چیف مینجر ایچ آر سومناتھ سنکا’ متعلقہ عہدیدار وغیرہ نے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔