فریج سے گیاس کے اخراج پر دو افراد زخمی

   

حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) ریفریجریٹر سے گیاس کا اخراج بھی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس طرح کا ایک واقعہ ضلع رنگاریڈی کے کڑتال میں پیش آیا۔ جہاں فریج سے گیاس کے اخراج کے سبب دو افراد جھلس گئے جس میں ایک کمسن طالب علم کی موت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 13 سالہ راگھویر جو 6 ویں جماعت کا طالب علم تھا کڑتال رنگاریڈی اپنے ماموں کے یہاں گیا ہوا تھا گزشتہ روز اس علاقہ میں برقی گل ہوگئی تھی جس کے سبب اس طالب علم کے ماموں نے مکان میں موم بتی جلائی مکان میں موجود ریفریجریٹر سے گیاس خارج ہورہی تھی جو آہستہ آہستہ کمرے میں پھیل چکی تھی اور موم بتی جلانے کے سبب آگ نے گیاس کو لپیٹ میں لے لیا اور اس حادثہ میں ماموں اور بھانجہ شدید زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگیا۔ کڑتال پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔