دوحہ ۔30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جمیکا کی شیلی این فریزر نے ورلڈ ایتھلیٹکس میں 100 میٹر کی دوڑ میں کامیابی کے بعد اپنے 2 سالہ بیٹے کو گود میں لے کر ٹریک کا چکر لگایا اور کہا کہ بیٹے کی پیدائش کے بعد یہاں بطور عالمی چمپئن کھڑا ہونا میرے لیے باعث فخر ہے۔ دوحہ میں جاری عالمی مقابلوں میں جمیکا اور برطانیہ کی ایتھلیٹس میں زبردست مقابلہ ہوا جس میں 32 سالہ جمیکن شیلی این فریزر نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔شیلی نے مقررہ فاصلہ 10.71 سیکنڈ میں طے کیا اور کیریئر کا آٹھواں عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ برطانیہ کی ڈینا ایشر اسمتھ دوسرے نمبر پر رہیں، ان کا وقت 10.83 سیکنڈ رہا، جبکہ تیسرے مقام پر آئیوری کوسٹ کی میری جوزے تالو نے حاصل کی۔ فتح کے بعد اپنے بیٹے کو گود میں لیے ٹریک کا چکر لگاتی شیلی فریزر نے کہا کہ بیٹے کی پیدائش کے بعد یہاں بطور عالمی چمپئن کھڑا ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔