تمام حجاج کرام خیریت سے، 15 جولائی سے واپسی کا آغاز
حیدرآباد ۔30۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کے حجاج کرام حج ایام حج کی تکمیل کے بعد آج مکہ مکرمہ واپس ہوگئے۔ منیٰ سے ایام حج کے آخری دن رمی جمار کے بعد حجاج کرام حج مغرب سے قبل منیٰ کے حدود سے نکل کر عزیزیہ میں واقع اپنی رہائش گاہ واپس ہوچکے ہیں۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے خادم الحجاج اور انڈین مشن کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے حجاج کرام حج کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ فریضہ حج کی تکمیل کرنے والے تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں۔ ایک حاجی کی طبیعت بگڑنے پر ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں علاج جاری ہے۔ حجاج کرام نے ایام حج اور خاص طور پر عرفات اور مزدلفہ میں سعودی حکام کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں کی ستائش کی۔ منیٰ کے کیمپس میں عازمین کو رہائش کے علاوہ غذا کا انتظام کیا گیا تھا۔ خادم الحجاج نے محمد سلیم کو بتایا کہ ایام حج کے آخری دن تینوں شیطانوں کو کنکری مارنے کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ واپس ہوچکے ہیں۔ فریضہ حج کی تکمیل پر حجاج کرام میں خوشی کا ماحول ہے اور آئندہ ہفتہ سے مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوگا جہاں ایک ہفتہ قیام کے بعد حجاج کرام واپس ہوں گے۔ محمد سلیم نے تلنگانہ کے حجاج کرام کو فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جدہ میں ہندوستانی کونسلیٹ اور انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ 5583 حجاج کرام نے فریضہ حج کی تکمیل کی ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 7040 حجاج کی روانگی عمل میں آئی جن میں کرناٹک کے 867 ، آندھراپردیش 46 ، بہار 3 ، چھتیس گڑھ 7 ، جھارکھنڈ 2 ، مہاراشٹرا 531 اور ٹاملناڈو کے ایک حاجی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے حجاج کرام اور ان کے رشتہ داروں کی سہولت کیلئے حج ہاؤز میں کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 15 جولائی سے آغاز ہوگا اور آخری قافلہ 30 جولائی کو مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے گا۔ وستارا ایر لائینس کی خصوصی پروازوں سے حجاج کرام کی واپسی عمل میں آئے گی ۔ اسی دوران حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے حاجی سید عبدالقدوس کو النور ہاسپٹل کے کریٹیکل کیر یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ ان کے فرزند سید عبدالسلام کی روانگی کے لئے وزٹ ویزا جاری کرنے کی حج کمیٹی آف انڈیا سے درخواست کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے والد کے علاج کا انتظام کرسکیں۔ ر