اقلیتی کمیشن چیرمین بنائے جانے پر مختلف شخصیتوں کی جانب سے اظہارمسرت اور مبارکبادیاں
نظام آباد :4؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)طارق انصاری کو تلنگانہ اقلیتی کمیشن چیرمین نامزد کرتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے احکامات جاری کئے ۔ چیف منسٹر کے سی آر، وزیر کے ٹی آر، ایم ایل سی کے کویتاکے قریبی و با اعتماد رفقاء میں شمار کئے جانے والے مسٹر طار ق انصاری کو نامزد عہدہ پر فائز کئے جانے پر ریاست بھر میں خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ 2001 ء میں کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کا اعلان کرتے ہوئے تلنگانہ عوام سے اس تحریک سے وابستہ ہونے کی اپیل کی ،چند افراد علیحدہ تلنگانہ تحریک سے وابستہ ہوئے جن میں طارق انصاری شامل ہیں۔ 2001 ء میں خلیل واڑی گرائونڈ پر کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ تحریک جلسہ عام کا اہتمام عمل میں لایا اسی جلسہ عام میں طار ق انصاری نے شمولیت اختیار کی ۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے سب سے پہلے بانی پروفیسر جئے شنکر نے 60 دہے قبل علیحدہ تلنگانہ کا نعرہ دیا تھا اس وقت طارق انصاری کے والد اختر محی الدین انصاری ایڈوکیٹ نے تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا ۔ مسٹر طارق انصاری اپنے والد کے نقش قدم چلتے ہوئے کے سی آر کی قیادت میں علیحدہ تلنگانہ تحریک سے وابستہ ہوئے اور 2014 ء میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ۔ اس وقت ٹی آرایس حکومت قائم ہوئی لیکن فریڈم فائٹر تلنگانہ تحریک طارق انصاری کو حکومت میں کوئی عہدہ نہیں دیا گیا لیکن انہوں نے صبر کا مظاہرہ کیا آج ان کے صبر کا پھل میٹھا ثابت ہوا اور تلنگانہ اقلیتی کمیشن چیرمین کے باوقار عہدہ پر انہیں فائز کیا گیا ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے جی او کاپی مسٹر طارق انصاری کے حوالے کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ مسٹر طارق انصاری نے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس باوقار عہدہ پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور اقلیتوں کے مسائل حل کرتے ہوئے مسلم اقلیت کو ٹی آرایس کے قریب کرنے میں نمایاں رو ل ادا کریں گے ۔ مسٹر طارق انصاری نے انہیں تلنگانہ اقلیتی کمیشن چیرمین نامزد کئے جانے پر وزیر داخلہ محمد محمود علی ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر ، ایم ایل سی کے کویتا سے بھی اظہار تشکر کیا ۔