فسادی ،مسلمانوں کو ہلاک کرکے فخر کررہے ہیں

   

دہلی فساد میں مسلمانوں پر تشدد کرنے کے واقعات کا برسرعام اظہار

نئی دہلی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی فساد میں مسلمانوں کو قتل کرکے فسادی فخر کا اظہار کررہے ہیں۔ مسلمانوں پر تشدد کو بھڑکانے سے متعلق فسادیوں نے برسرعام اظہارخیال کرنا شروع کیا ہے۔ مسلمانوں پر ٹوٹ پڑنے کیلئے اپنی تیاریوں کا اور وار پر وار کرنے کی حکمت سے متعلق بیان کرتے ہوئے نشانت کمار کے چہرہ پر خوشی کا اظہار ہورہا تھا۔ جب وہ اپنی بہادری کی داستان سنا رہا تھا تو اس کے لہجہ میں سختی تھی اور وہ اپنے ہاتھوں پر فخر کررہا تھا کہ ان ہاتھوں نے 25 فبروری کو تین مسلمانوں کا قتل کیا ہے۔ اس نے زور دیکر کہا کہ اس کی یہ کارروائی سی اے اے کے خلاف احتجاج کرنے کا انتقام تھی۔ اس سے ایک دن قبل دوپہر کے وقت نشانت کمار ٹھیک ایک بجے ایک پٹرول پمپ پر اپنی لاری میں پٹرول بھرانے کیلئے پہنچا تھا۔ اس نے دیکھا کہ وہاں پر ایک ہجوم یمنا وہار سرویس سنٹر پر ٹھہری ہوئی گاڑیوں کو آگ لگا رہا ہے۔ شمال مشرقی دہلی میں وزیرآباد ٹونی روڈ پر فساد بھڑک اٹھا تھا۔ وہ اس وقت بھجن پورہ پٹرول پمپ پر اپنی لاری میں پٹرول ڈلا رہا تھا۔ ان میں سے دو لاریاں اس کی تھیں۔ اس نے کہا کہ میں اس وقت جان بچا کر بھاگ کھڑا ہوا۔ دیکھتے ہی دیکھتے پٹرول پمپ کو جلادیا گیا اور اس علاقہ میں ٹھہری ہوئی گاڑیاں ڈھانچہ میں تبدیل ہوگئی۔ کرول نگر میں رہنے والے 29 نشانت کمار نے کہا کہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو سبق سکھانے والے ہجوم میں وہ بھی شامل ہوگیا۔ 24 فبروری کو فساد پھوٹ پڑا۔ سنٹرل دہلی سے 10 کیلو میٹر دور جمنا ندی کے اس پار سی اے اے کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر حملے کئے گئے تھے۔