فصلوں کو بچانے بندروں کی مہمان نوازی

   

حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بندروں نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور مختلف فصلوں کو اپنی دہشت گردی کے ذریعہ تباہ کررہے ہیں۔ حکومت نے بندروں سے انسانوں اور فصلوں کو بچانے کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تاکہ تجاویز حاصل کی جاسکیں لیکن ماہرین بھی بندروں پر قابو نہیں پاسکے۔ بندروں سے فصلوں کو بچانے کیلئے محکمہ جنگلات نے ایک منفرد تجویز رکھی ہے جس کے تحت قومی شاہراہوں اور جنگلات میں جہاں کھیت قریب ہیں وہاں پر مختلف پھلوں کے درخت لگائے جائیں گے تاکہ بندروں کو فصلوں پر حملہ کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کی صدارت میں عہدیداروں کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ غذا کی تلاش میں بندر کھیتوں کو پہنچ جاتے ہیں اور جو بھی فصل ہو اُسے نقصان پہنچارہے ہیں خاص طور پر غذائی اجناس کی فصلیں بندروں سے غیر محفوظ ہیں۔ محکمہ جنگلات نے بندروں کی نس بندی کا فیصلہ کیا اور ہر ضلع میں ایک نس بندی سنٹر قائم کیا جائے گا۔ر