نئی دہلی: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے چہارشنبہ کے روز مشرقی لداخ میں ہندوستان اور چین کی فوجوں کے مابین کشیدگی اور تعیناتی کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی ہندوستانی فضائیہ کو آگاہ کیا کہ وہ کسی بھی ناموافق صورتحال کے لیے ہر وقت تیار رہے ۔وزیر دفاع یہاں فضائیہ کے کمانڈرس کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔ فضائیہ کے ہیڈکوارٹر ‘وایو بھون’ میں چہارشنبہ کو اس پروگرام سے ایئر چیف مارشل آر کے سنگھ بھدوریا نے بھی خطاب کیا۔ راجناتھ نے فضائیہ کے تمام کمانوں کے کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے گذشتہ کچھ ماہ میں ہندوستانی فضائیہ کے آپریشن کی استعداد میں اضافے کے لیے فعالیت سے کیے گئے کام کی تعریف کی اور کہا کہ فضائیہ نے جس پیشہ وارانہ ڈھنگ سے بالاکوٹ میں ایئر اسٹرائک آپریشن کیا اور مشرقی لداخ میں پیدا شدہ چیلنج بھرے حالات میں جتنی تیزی سے اہلکاروں اور سازوسامان کی تعیناتی کی’ اس سے ہمارے دشمنوں کو سخت پیغام گیا ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اپنی خود مختاری کی حفاظت کسی قوم کا عزم، اس ملک کے عوام کا مسلح افواج کی استعداد پر یقین سے مضبوط ہوتا ہے ۔ انہوں نے ایکچول کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ فضائیہ کو کسی بھی مخالف صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے ۔
توپ شکن میزائل کا تجربہ کامیاب
اس دوران ہندوستان کے توپ شکن میزائل ’دھرواسٹر‘کا کامیاب تجربہ ہوا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ اوڈیشہ میں واقع انٹیرم ٹسٹ رینج میں فلائیٹ ٹرائلس منعقد کئے گئے جو توقعات کے مطابق رہے۔ تھرڈ جنریشن کا اینٹی ٹینک میزائل سسٹم دشمن کے ہتھیار کو تباہ کرسکتا ہے۔