فضائیہ میں بھرتی کے دوران دیوار گرنے سے 15 امیدوار زخمی، تین کی حالت نازک

   

جالندھر5اگست(سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کے ضلع جالندھر میں پنجاب مسلح پولیس(پی اے پی)کے میدان میں چلنے والی فضائیہ میں بھرتی میں شامل ہونے کے لیے پہنچنے والے نوجوانوں پر پیر کی صبح میدان میں دیوار گرنے کی وجہ سے تقریباً 15 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت نازک ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (شمال) ہرسمرت سنگھ نے بتایا کہ پی اے پی کے میدان میں ریاست کے 12 اضلاع سے متعلق نوجوانوں کے لیے آج سے بھرتی ریلی شروع ہوئی ہے ۔ بھرتی کے لیے لائن میں کھڑے افراد پر میدان کی دیوار گرنے سے تقریباً 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کواسپتال میں داخل کروایاگیا ہے ۔ حادثے کے دوران زخمی اور عینی شاہد منیش باشندہ جہاں کھیلا ہوشیار پور نے بتایا کہ وہ جالندھر کے پی اے پی میں ایئرفورس بھرتی کے لیے اتوار کی رات ہی پہنچ گئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آج صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے سے ہی میدان میں لائن میں کھڑے ہو گئے تھے لیکن شدید بھیڑ ہونے کی وجہ سے وہ دیوار کے ساتھ ساتھ کھڑے تھے ۔