نئی دہلی: دورہ پر آئے ہوئے آسٹریلیائی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل میل ہپفیلڈ نے پیر کو یہاں فضائیہ کے سربراہ اور آرمی چیف سے ملاقات کی اور دو طرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ فضائیہ نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ ایئر مارشل ہپفیلڈ نے ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، چیف آف دی ایئر اسٹاف سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے دوران دونوں حکام نے باہمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ فوج نے یہ بھی ٹویٹ کیا ہے کہ ایئر مارشل ہپفیلڈ نے آرمی چیف جنرل منوج پانڈے سے بھی ملاقات کی۔ دونوں حکام نے دوطرفہ دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔