فضائیہ ’کارروائی‘ کیلئے تیار‘ فیصلہ سیاسی قیادت پر منحصر

   

پوکھرن (راجستھان) ؍ سرینگر؍ نئی دہلی ، 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کا ملٹری انتظامیہ مختلف امکانات پر غور کررہا ہے کہ پلوامہ حملے کا انتقام لیا جاسکے جو پاکستان نشین جیش محمد دہشت گرد گروپ نے کیا ہے۔ ایئر چیف مارشل بی ایس دھنوا نے آج کہا کہ فضائیہ (آئی اے ایف) ہمیشہ ’’مناسب کارروائی‘‘ انجام دینے کیلئے تیاری کی حالت میں رہتا ہے اور کارروائی کا فیصلہ کرنا ہندوستان کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ وایو شکتی مشق جو یہاں دن اور رات کی زبردست مشق ہے، اس کے افتتاح کے موقع پر بات کرتے ہوئے انھوں نے پاکستان یا پلوامہ حملے کا تذکرہ نہیں کیا لیکن یہ واضح ہے کہ وہ اسلام آباد کی تائید و حمایت کے ساتھ سرحد پار سے جاری دہشت گردی کا حوالہ دے رہے تھے۔ انھوں نے یہ باتیں فوجی سربراہ جنرل بپن راوت اور کئی ملکوں کے دفاعی اتالیق کی موجودگی میں کہی۔ اُدھر سرینگر میں جنرل آفیسر کمانڈنگ، فائر اینڈ فیوری کارز لیفٹننٹ جنرل وائی کے جوشی نے ہفتہ کو سیاچن گلیشئر میں آرمی کی کارروائی کے معاملے میں تیاری کا جائزہ لیا۔ ترجمان نے کہا کہ کارز کمانڈنگ آفیسر نے سیاچن گلیشئر کے اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور سیکٹر میں ضروری تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دریں اثناء جموں و کشمیر میں ایل او سی (خط قبضہ) کے پاس کان میں دھماکہ کی وجہ سے ایک آرمی آفیسر ہلاک اور ایک سپاہی زخمی ہوا۔ جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب آج یہ واقعہ ضلع راجوری میں پیش آیا جس میں میجر چتریش سنگھ بشٹ ہلاک ہوئے۔ حکومت ہند نے آج بتایا کہ زائد از 40 ممالک اور کم از کم تین ہمہ قومی تنظیموں نے پلوامہ حملے کی مذمت کی ہے اور جانوں کے اتلاف پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ، شنگھائی کواپریشن آرگنائزیشن اور یورپین یونین نے اپنے بیانات میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ برطانوی حکومت نے ہندوستان کیلئے ٹراویل اڈوائزری میں تبدیلی لاتے ہوئے جموں و کشمیر کا سفر کرنے کے خلاف متنبہ کیا ہے جبکہ آج لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے باہر ہندوستانی نژاد افراد نے احتجاج کیا۔ ممبئی میں کرکٹ کلب آف انڈیا نے آج وزیراعظم پاکستان عمران خان کے پورٹریٹ کو چھپا دیا جو پلوامہ حملے پر انوکھا احتجاج ہے۔