گاندھی نگر :گجرات میں جام نگر ایئر فورس اسٹیشن کے پاس چہارشنبہ کی رات فضائیہ کا جگوار جنگجو جیٹ طیارہ سْروڈا گاؤں میں تربیتی مشن کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے میں ایک پائلٹ کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا زخمی ہے جس کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔ حادثے کے بعد طیارہ کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہوکر دور تک جا گرا۔ اس دوران علاقے میں دھوئیں کا غبار پھیل گیا اور آس پاس شدید آگ لگ گئی۔حادثہ کے فوراً بعد دیہی لوگ موقع پر پہنچے اور انہوں نے زخمی جوان کی مدد کی۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے حالات کو سنبھالا۔ فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے اور حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے تھے۔ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) نے جگوار فائٹر کے کریش ہونے کے پیچھے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی ہے۔ اڑان کے دوران پائلٹوں نے اس تکنیکی خرابی کا سامنا کیا ۔اور ایئر فیلڈ اور مقامی آبادی کو نقصان سے بچانے کے لیے طیارہ سے وقت رہتے نکلنے کا فیصلہ کیا۔ اس کوشش میں ایک پائلٹ نے اپنی جان گنوا دی جبکہ دوسرا پائلٹ زخمی ہو گیا۔