فضائیہ کی معقول قابلیت ، تاحال مؤثر مظاہرہ

   

ایئرفورس ڈے پر ایئر چیف مارشل بھدوریا کا تاثر۔ صدر، نائب صدر ،وزیراعظم کا پیام مبارکباد
نئی دہلی : انڈین ایئر فورس نے جب کبھی ضرورت آن پڑی دشمن کے مقابل اپنے عزم، اپنی قابلیت اور اپنی صلاحیتوں کا معقول مظاہرہ کیا ہے، ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے جمعرات کو یہ بات کہی اور مشرقی لداخ میں اپنی فورس کی لڑائی سے متعلق تیاریوں کا حوالہ دیا۔ ایئر فورس ڈے کے موقع پر خطاب میں چیف آف ایئر اسٹاف نے شمالی سرحدوں پر حالیہ تعطل میں فضائی جنگجوؤں کے رول کی ستائش بھی کی اور مختصر وقت کی نوٹس پر ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اُنھیں تعینات کئے جانے کا ذکر کیا۔ ہندوستانی اور چینی دستے مشرقی لداخ میں 5 ماہ سے تلخ تعطل میں اُلجھے ہوئے ہیں۔ فضائیہ نے اِس خطہ کی صورتحال سے نمٹنے میں قابل لحاظ رول ادا کیا ہے۔ ہندن میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں ایئر چیف مارشل نے تمام فضائی جنگجوؤں کی سرگرمیوں کو سراہا اور کہاکہ اُنھوں نے مختصر وقت کی نوٹس پر فعال رول ادا کیا ہے۔ انڈین آرمی کے لئے جہاں کہیں کمک پہنچانا ہو، فضائیہ نے پوری ذمہ داری سے یہ کام کیا ہے۔ فضائیہ کے سربراہ نے کہاکہ اِس طرح فورس نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا مؤثر مظاہرہ کیا ہے۔ دریں اثناء صدرجمہوریہ رامناتھ کووند ، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے فضائیہ کو آج اس کے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ کووند نے کہاکہ قوم فضائیہ کے رول کی مشکور ہے جس نے فضائی حدود کی سلامتی کو یقینی بنایا اور انسانی بنیادی پر اعانت اور تباہ کن حادثات کی صورت میں راحت کاری میں شہری حکام کی مدد کی ہے۔