فضائی آلودگی پر اجلاس سے گوتم گمبھیر کی غیرحاضری کے بعد لاپتہ ہونے کا پوسٹرس جاری

,

   

نئی دہلی ۔ /17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کی گمشدگی کے پوسٹرس دہلی کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے ہیں ۔ عوام نے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے یہ انوکھا قدم اٹھایا ہے ۔ دہلی میں فضائی آلودگی پر پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی اربن ڈیولپمنٹ کے /15 نومبر کو منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں گوتم گمبھیر نے شرکت نہیں کی تھی ۔ عوام نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے ان کی گمشدگی کے پوسٹرس جاری کردیئے ۔ پوسٹرس پر لکھا ہے کہ آپ نے انہیں کہیں دیکھا ہے ۔ وہ آخری مرتبہ اندور میں جلیبی کھاتے ہوئے دیکھے گئے ۔ دہلی کو ان کی تلاش ہے ۔ دہلی میں فضائی آلودگی ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے ۔ آلودگی پر قابو پانے کیلئے ماہرین مل بیٹھ کر غور و خوص کررہے ہیں ۔