نئی دہلی ۔ /22 جون (سیاست ڈاٹ کام) شہری ہوا بازی کے وزیر پردیپ سنگھ پوری نے ہفتہ کو ہوائی آمد و رفت کے بہاؤ پر کنٹرول کے لئے سنٹرل کمانڈ سنٹر کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ اعلیٰ پیمانے کے تحفظ میں ۔۔۔ اضافے کو یقینی بنانے کے لئے اس کی شدید ضرورت تھی ۔ ایرپورٹ کے حکام نے بتایا چونکہ ملک کے بڑے بڑے ہوائی اڈوںکو گنجائش کی کمی کا سامنا ہے ۔ اس لئے مرکزی اے ٹی ایف ایم کا مقصد طلب اور گنجائش میں توازن پیدا کرنا ہے ۔ اس مرکز کے افتتاح کے بعد وزیر موصوف نے بتایا کہ یہ ایک عالمی معیار کا نظام ہے جس کے وسیع پردے پر آپ ملک کے شہری ہوا بازی کے سارے ہی اساس ڈھانچوں کو دیکھ سکتے ہیں ۔ زمین پر ٹھرے ہوئے ہوائی جہاز فضاء میں اڑتے ہوئے ہوائی جہاز سب اس کے ساتھ رابطے میں رہیں گے ۔ ان سب کو اس مرکز یعنی ایر ٹریفک کنٹرول سے مربوط کردیا گیا ہے ۔ ان سب باتوں سے ہٹ کر اس سے ملک میں ہوائی جہازوں کی اور ہوائی سفر کی حفاظت بہت معیاری ہوجائے گی ۔
