فضائی حملوں کا عام انتخابات سے تعلق نہیں :نرملا

,

   

جیش محمد کیمپ پر حملہ فوجی کارروائی نہیں تھی ، عام شہریوں کونقصان نہیں پہنچا
چینائی ۔ 5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے منگل کو کہاکہ ہندوستانی فضائیہ نے گذشتہ ہفتہ پاکستانی علاقہ بالاکوٹ میں جیش محمد کے ایک کیمپ کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کردیا ۔ یہ کوئی فوجی کارروائی نہیں تھی اور اس میں عام شہریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ سیتارامن نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معتمد خارجہ وجئے گوکھلے نے فضائی حملوں می ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی تھی اور انہوں نے صرف ایک بیان دیا تھا اور وہ حکومت کا موقف بھی تھا ۔ گوکھلے نے گذشتہ منگل کو کہا تھا کہ بالاکوٹ میں جیش محمد کے ایک کیمپ پر غیرفوجی کارروائی کے طور پر فضائی حملہ کیا گیا جس میں دہشت گردوں ، انہیں تربیت دینے والوں اور سینئر کمانڈوز کی کثیر تعداد ہلاک ہوئی ہے ۔ سیتارامن کا یہ بیان ایک ایسے وقت منظر عام پر آیا جب اپوزیشن جماعتیں ان فضائی حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات طلب کررہی ہیں ۔ پلوامہ خودکش حملہ کے بعد فضائی کارروائی کرنے والی انڈین ایرفورس نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد مرکز کی طرف سے ہی بیان کی جائیں گی ۔ وزیر دفاع نے ان فضائی حملوں کو آنے والے لوک سبھا انتخابات سے مربوط کرنے سے انکار کردیا ۔