کئی ہندوستانی آئندہ چھ ماہ میں بیرونی سفر کیلئے تیاریوں میں مصروف
حیدرآباد۔29 اپریل(سیاست نیوز) دنیا بھر میں فضائی سفر پر پابندیوں کے بڑی حد تک ختم ہونے کے بعد کہا جا رہاہے کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران بڑی تعداد میں ہندستانی شہری دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ وہ زیادہ تر ترکی‘ امریکہ ‘ کینیڈا‘ آسٹریلیاء ‘ یوروپ‘ کے علاوہ برطانیہ کے دوروں کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ ائیر بی این بی نامی ایجنسی کے سروے کے مطابق ہندستان میں فضائی سفر پر تحدیدات کے خاتمہ کے بعد حالات تیزی سے معمول پر آنے لگے ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک میں قیام اور سفر کی سہولتوں کے متعلق جانکاری حاصل کرنے والے شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایجنسی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ مئی تا اکٹوبر بیشتر ہندستانی خلیجی ممالک کے علاوہ دیگر تفریحی مقامات کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سفری پابندیوں کے علاوہ سخت شرائط کے سبب جو شہری تفریح کیلئے نہیں نکل پائے تھے وہ آئندہ 6ماہ کے دوران لازما بیرون ملک بغرض تفریہح جانے کے خواہشمند ہیں۔ دیگر ایجنسیاں جو بین الاقوامی مسافرین کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد کرتی ہیں ان کا کہناہے کہ آئندہ 6ماہ کے دوران ہندستانی فضائی مسافرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور مختصر تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد پیدا خدشات کے سلسلہ میں ماہرین کا کہناہے کہ اب کورونا صورتحال کوئی رخ اختیار کرے لیکن فضائی سفر پر دوبارہ پابندیوں کا کوئی امکان نہیں ہے اور نہ ہی لاک ڈاؤن کے اندیشے ہیں اسی لئے بین الاقوامی مسافرین سفر کی تیاری کر رہے ہیں۔م