نئی دہلی، 27 اگست (یواین آئی) پہلگام حملہ، پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی اور ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے کی وجہ سے ملک میں فضائی مسافروں کی تعداد جولائی میں مسلسل چوتھے مہینے میں کم ہو کر 126.05 لاکھ ہو گئی، جو ستمبر 2023 ء کے بعد سب سے کم ہے ، یہ سال بہ سال کی بنیاد پر ریکارڈ کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کی طرف سے چہارشنبہ کو گھریلو فضائی کمپنیوں کیلئے جاری کردہ اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ اس سال جولائی میں 126.05 لاکھ لوگوں نے ہوائی سفر کیا۔ یہ جولائی 2024 کے 129.87 لاکھ سے 2.94 فیصد کم ہے ۔ اس کے علاوہ، اس سال مارچ سے یہ تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے ۔ اپریل میں پہلگام حملے کے بعد، لوگوں نے احتیاط کے طور پر اپنے پروگراموں کو ملتوی کر دیا، خاص طور پر جموں و کشمیر جانے والے سیاح۔ اس کے بعد مئی میں سرحد پر کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے اپنی فضائی حدود میں ہندوستانی طیاروں کی پابندی کے باعث کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ جون میں گجرات کے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد کچھ لوگوں نے ہوائی سفر سے گریز کیا۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ جولائی میں بھی مسافروں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات برقرار رہے کیونکہ فروری 2022 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ہوائی مسافروں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ مارچ 2025 میں ہوائی مسافروں کی تعداد 145.42 لاکھ تھی، اپریل میں یہ 143.16 لاکھ اور مئی میں 140.56 لاکھ تھی۔