استنبول :ترکی سے جرمنی جانے والے مسافر کے کھانے میں سانپ کا کٹا ہوا سر نکل آیا، ایئرلائن نے تحقیقات شروع کردیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہوائی سفر کے دوران کھانے میں سانپ کا کٹا ہوا سر نکلنے کا واقعہ ترکی سے جرمنی جانے والی پرواز کے مسافر کیساتھ پیش آیا۔ایئرلائن کی فراہم کردہ غذا کو مسافر نے کھانا شروع کیا تو پلیٹ میں سانپ کا کٹا ہوا سر دیکھ کر دنگ رہ گیا۔مسافر نے ایئرلائن انتظامیہ کی غفلت کو آشکار کرنے کیلئے واقعے کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس میں سانپ کا سر آنکھیں اور چہرہ واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔واقعے کی اطلاع ہوتے ہی ایئرلائن سن ایکسپریس نے نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ فضائی سفر کے دوران مسافروں کو بہترین سروس فراہم کرنا ایئرلائن کی پہلی ترجیح ہے۔