فضائی کرایوں میں اضافہ، پروازوں میں تخفیف کا فیصلہ

   

ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے شہری ہوا بازی کا شعبہ شدید متاثر
حیدرآباد۔5۔اپریل(سیاست نیوز) شہری ہوا بازی کا شعبہ جنگی اثرات سے شدید متاثر ہونے لگا ہے اور دنیا بھر کے کئی ممالک کی سرکردہ ائیر لائنس نے ہوائی جہاز میں استعمال کئے جانے والے ایندھن کی قیمتوں میں ہونے والے بے تحاشہ اضافہ کے نتیجہ میں فضائی کرایوں میں اضافہ کیا جانے لگا ہے اور کئی ائیرلائنس نے اپنی پروازوں میں تخفیف کا فیصلہ بھی کرنا شروع کردیا ہے۔ دنیا بھر میں جنگ کے نتیجہ میں فضائی کمپنیوں کی حالت ابتر ہونے لگی ہے اور آبنائے ہرموز پر تحدیدات کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں ِاضافہ اور تیل کی قلت کے منفی اثرات اب فضائی کمپنیوں پر دیکھے جانے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ائیر انڈیا ‘ انڈیگو‘ لفتھانا ‘ ائیر نیوزی لینڈ ‘ سکینڈینیوین ائیر لائنس نے اپنی پروازوں کی منسوخی اور کئی اہم روٹس پر چلائی جانے والی پروازوں میں تخفیف کے بعد اب جن روٹس پر پروازوں کا سلسلہ جاری ہے ان روٹس کی پروازوں کے کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے نتیجہ میں مسافرین کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے ۔ فضائی کمپنیوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ جہاز میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں ریکارڈ کیا جانے والا اضافہ مجموعی اعتبار سے اگر دیکھا جائے تو دوگنا ہوچکا ہے اور دوگنے اضافہ کے ساتھ پروازوں کو جاری رکھنا کمپنیوں کے لئے دشوار ہوگا۔
اسی طرح کئی روٹس بالخصوص سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات ‘ اسرائیل ‘ ایران ‘ بحرین ‘ قطر ‘ یمن اور دیگر خلیجی ممالک کی پروازیں گذشتہ ایک ماہ سے متاثر ہیں اور پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہونے کے نتیجہ میں ائیرلائنس کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ علاوہ ازیں خلیجی ممالک کی فضائی پٹی کے استعمال پر عائد تحدیدات کے نتیجہ میں جن مقامات کے لئے پروازیں چلائی جا رہی ہیں ان مقامات تک پہنچنے کے لئے بھی ائیر لائنس کو طویل مسافت اختیار کرنی پڑرہی ہے۔ اسی لئے فضائی کرایوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا لیکن اب جبکہ طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمت میں دوگنا اضافہ ہوچکا ہے تو کرایوں میں اضافہ کرنا فضائی کمپنیوں کے لئے ناگزیر ہوچکا ہے اسی لئے ہندستان میں حکومت نے جو 60 فیصد نشستوں کو بغیر کسی اضافی قیمت کے فروخت کرنے کی پابندی عائد کی تھی ان احکامات پر آئندہ کسی فیصلہ تک کے لئے عمل آوری کو روک دیا ہے تاکہ شہری ہوا بازی کو جن نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہیں کچھ راحت فراہم کی جاسکے۔ دنیا بھر میں سرکردہ ائیر لائنس قطر ائیرویز‘ امارات ائیر لائنس‘ اتحاد ائیر لائنس کے علاوہ کئی کمپنیوں نے اپنی پروازوں کو محدود کرنے کے اقدامات کئے ہیں تاکہ بھاری نقصانات سے محفوظ رہا جاسکے- 3؍M ؍ V