نئی دہلی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں آج اپوزیشن ارکان نے فضائی کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ کے مسئلہ پر بحث کی۔ خاص کر طوفان اور فسادات کے موقعوں پر بھی فضائی کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا جارہا ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران یہ مسئلہ اُٹھاتے ہوئے بیجو جنتادل کے رکن پارلیمنٹ پنکی مشرا نے کہاکہ 2016 ء میں ہریانہ میں جاٹ طبقہ کے فسادات کے دوران دہلی ۔ چندی گڑھ کے فضائی کرایوں میں زبردست اضافہ کیا گیا اور یہ کرایہ 90 ہزار روپئے تک بڑھایا گیا اور یہی صورتحال گزشتہ ماہ طوفان فانی سے متاثرہ ریاست اڈیشہ میں دیکھی گئی۔ وزیر شہری ہوا بازی ہاردیپ سنگھ پوری نے کہاکہ ایرلائنز نے مختلف علاقوں کے لئے اپنے فضائی کرایوں میں اضافہ کیا ہے۔ کانگریس، ٹی ایم سی اور ڈی ایم کے سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن ارکان نے وزیر شہری ہوا بازی کے جواب پر احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔اِن ارکان نے وزیر سے استفسار کیاکہ آیا آپ ایرلائنز کے فیصلے کو حق بجانب قرار دے رہے ہیں اور اضافی کرایوں کو صحیح ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اِس کے جواب میں وزیرشہری ہوا بازی نے کہاکہ براہ کرم مجھے سب سے پہلے میرا جواب پورا کرنے دیجئے۔ مَیں آپ (ارکان) کے سوالات کا جواب دینے کی کوشش کررہا ہوں لیکن ایوان میں شوروغل برقرار رہا۔
